مجھے زبان کی وجہ سے ایئرپورٹ پر ہراساں کیا گیا کوریو گرافر سلمان یوسف کا الزام
نئی دہلی،مارچ۔ بھارت کے معروف ڈانسر اور کوریوگرافر سلمان یوسف خان نے بنگلور ایئرپورٹ کے امیگریشن عملے پرخود کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کر دیا۔انڈیا ٹائمز کے مطابق سلمان یوسف کی طرف سے اپنے انسٹاگرام اکآنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کی تفصیل بیان کی ہے۔سلمان یوسف اس ویڈیو میں بتاتے ہیں کہ بنگلور ایئرپورٹ پر انہیں صرف اس لیے امیگریشن آفیسر نے ہراساں کیا کیونکہ انہیں کناڈا زبان نہیں آتی تھی۔ وہ گزشتہ بدھ کے روز دبئی کی پرواز پکڑنے کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ وہ بتاتے ہیں کہ ’’اس آفیسر نے مجھ سے کناڈا زبان میں بات شروع کر دی۔میں نے اسے ٹوٹی پھوٹی کناڈا میں بتانے کی کوشش کی کہ میں کناڈا کچھ سمجھ لیتا ہوں مگر بول نہیں سکتا۔‘‘سلمان یوسف خان نے بتایا کہ’’میری یہ بات سن کر آفیسر نے میرا پاسپورٹ پکڑ لیا اور مجھے میرا اور میرے باپ کا نام اور میری جائے پیدائش دکھاتے ہوئے شدید غصے کے عالم میں کہنے لگا کہ تم بنگلور میں پیدا ہوئے ہو اور کہہ رہے ہو کہ تمہیں کناڈا نہیں آتی۔ اگر تم کناڈا نہیں بول سکتے تو میں تمہیں مشکوک سمجھوں گا۔ ‘‘سلمان یوسف نے ویڈیو میں مزید بتایا کہ ’’میں نے اسے کہا کہ مجھے بھارت کی قومی زبان ہندی آتی ہے، میں کناڈا کیوں سیکھوں اور تم مجھے کیوں مشکوک سمجھو گے؟ اس پر وہ کہنے لگا کہ میں کسی بھی بات پر تمہیں مشکوک سمجھ سکتا ہوں۔میں نے ایئرپورٹ حکام کو اس واقعے کی رپورٹ کرنے کی کوشش کی مگر وہاں کسی نے میری رہنمائی نہیں کی۔