چھوٹی کشتیوں سے برطانیہ آنیوالوں کو روکنے کیلئے نئے اقدامات کا اعلان
لندن ،مارچ۔سمندر کے راستے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ داخل ہونے والوں کا راستہ روکنے کیلئے جمعہ کو نئے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے برطانیہ اور فرانس کے پیرس میں سمٹ کے موقع پر وزیراعظم رشی سونک اور فرانس کے صدر ایمانیوئل میکرون نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر اعلان کیاگیا کہ برطانیہ فرانس کو آئندہ تین برس میں 479 ملین پائونڈ دے گا۔ فرانس کے ساحلی علاقوںسے غیرقانونی تارکین وطن ہو ہٹا کرڈیٹینشن سینٹر میں رکھا جائے گااور سینٹر کی تعمیر میں برطانیہ مدد کرے گا۔ انتہائی تربیت یافتہ سینکڑوں نئے انفورسمنٹ آفیسرز ساحلوں پر تعینات کئے جائیں گے۔ چھوٹی کشتیوں کو روکنے کیلئے مستقل پولیسنگ یونٹ قائم کیا جائے گا، ساحلوں پر نظر رکھنے کیلئے ڈرون، طیاروں، گشت اورسرویلنس ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے گی۔ گزشتہ برس فرانس سے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے 45 ہزار افراد برطانیہ آئے جبکہ 2018 میں یہ تعداد تین سو تھی۔ اپوزیشن لیڈر سر کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ فرانس سے مہاجرین کی واپسی کیمعاہدے کے بغیر صورت حال مزید خراب ہوگی۔