آپ اس قدر مخمور تھے کہ گھر کا پتہ بھول گئے، ارباز خان کی مہیش بھٹ سے گفتگو

ممبئی،مارچ۔بھارتی فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر مہیش بھٹ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایک بار وہ نشے میں اس قدر دھت تھے کہ انہوں نے رات فٹ پاتھ پر گزاری۔ارباز خان نے اپنے پروگرام میں انٹرویو کے دوران مہیش بھٹ سے کہا کہ آپ اتنے زیادہ مخمور تھے کہ میں نے اور سلمان خان نے آپ کو ٹیکسی میں گھر لے جانے کی کوشش کی۔ارباز نے بتایا کہ آپ بھول گئے تھے کہ آپ رہتے کہاں ہیں، ہمیں بہت شرمندگی ہو رہی تھی کہ ہم بھی آپ کی رہائشگاہ سے لاعلم ہیں لیکن ہمیں ہنسی بھی آ رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ لیکن اس واقعے کے بعد آپ نے ایک دم 360 ڈگری زاویے سے خود کو تبدیل کیا۔فلمساز مہیش بھٹ نے بتایا کہ ایک بار میں جاگا تو دیکھا کہ فٹ پاتھ پر سو رہا تھا، مجے یاد ہے کہ میں اوندھے منہ پڑا ہوا تھا اور صبح ہونے والی تھی، مجھے یاد آیا کہ میں کسی دعوت میں گیا تھا اور نشے کی حالت میں واپسی پر یہاں گر کر سوگیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پھر ایک بڑی تبدیلی ہوئی، میری پہلی بیٹی ’شاہین‘ پیدا ہوئی۔ جب اسپتال گیا اور اس کو اپنی گود میں لے کر چومنے کی کوشش کی تو مجھے محسوس ہوا کہ بیٹی نے خود کو مجھ سے دور کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ وہ شراب کی بْو برداشت نہیں کر پا رہی تھی۔مہیش بھٹ نے کہا کہ وہ تو بچی تھی، اسے کیا معلوم، لیکن میں نے خود سے یہ سب اخذ کیا اور خود کو بہتر آدمی بنایا۔

Related Articles