برطانیہ آنے کیلئے ویزا سے مستثنیٰ افراد کیلئے ای ٹی اے متعارف
لندن ،مارچ۔ حکومت نے ایسے ممالک جن کے شہریوں کو برطانیہ آنے کے لیے ویزا درکار نہیں، ان کے لیے یوکے الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ETA) متعارف کرادیا ہے، جس کا آغاز رواں برس اکتوبر سے ہوگا۔ ابتدائی طور پر قطر اور اس کے بعد گلف کوآپریشن کونسل اسٹیٹس پر لاگو جبکہ آئندہ برس تک دنیا کے تمام ایسے ممالک جن کے شہریوں کو برطانوی ویزا کی ضرورت نہیں انہیں آنے سے قبل اتھارٹی سے فارم بھرنا ہوگا۔ ہوم آفس کے مطابق ای ٹی اے کے تحت آنے سے قبل درخواست دینے کے سبب مسافروں کا سفر موثر طور پر بروقت مکمل ہوگا۔ درخواست کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگا اور بیشتر مسافر موبائل ایب کے ذریعے درخواست دے سکیں گے۔ ای ٹی اے کی فیس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا اور اس کی معیاد دو برس ہوگی، جس کے دوران مسافر آ، جاسکیں گے۔ ہوم آفس کے مطابق اس اسکیم سے ملک کی سرحدیں محفوظ ہوں گی۔ درخواست گزار کو بائیو میٹرک تفصیلات فراہم کرنے کے علاوہ دیگر سوالات کا جواب دینا ہوگا تاکہ جرائم میں ملوث افراد کو برطانیہ آنے سے روکا جاسکے، جن افراد کی ای ٹی اے کی درخواست مسترد ہوگی وہ برطانیہ آنے کے لیے ویزا کی درخواست پاسکیں گے۔ اسکیم کے مطابق قطر ے مسافروں کو رواں برس15نومبر سے برطانیہ آنے کے لیے ای ٹی اے درخواست دینے کی ضرورت ہوگی، وہ 25اکتوبر سے درخواست دے سکیں گے۔ سعودی عرب، عمان، بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات کے مسافروں کو 22فروری 2024ء اسے ای ٹی اے کی ضرورت ہوگی اور وہ یکم فروری 2024ء سے درخواست دے سکیں گے۔ اردن کے مسافروں کو22فروری2024ء سے ای ٹی اے کی ضرورت ہوگی اور وہ یکم فروری سے درخواست دے سکیں گے۔ دیگر ممالک کے لیے ای ٹی اے کے اجرا کی تاریخ کا اعلان بروقت کردیا جائے گا۔ ہوم آفس کے مطابق ای ٹی اے ویزا نہیں ہے اور نہ ہی برطانیہ میں داخلہ کا اجازت نامہ ہے، کسی بھی شخص کو ای ٹی اے ہونے کے باوجود مروجہ طریقہ کار سے گزرنا ہوگا اور بارڈر فورس آفیسر سے مل کر یا اجازت ہونے کی صورت میں ای گیٹ بھی استعمال کرسکے گا۔ واضح رہے کہ ای ٹی اے کے طرز کی اسکیم پہلے ہی امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی رائج ہے۔