خواتین کرکٹرز کا کھیل بہتر ہوگا تو اس میں پیسہ بھی آجائے گا: ڈینی ویاٹ
راولپنڈی،مارچ۔انگلینڈ کی تجربہ کار خاتون کرکٹر ڈینی ویاٹ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ویمن کرکٹ لیگز کا انعقاد خواتین کرکٹرز کیلئے بہت اہم ہے، خواتین کرکٹرز کا کھیل بہتر ہوگا تو اس میں پیسہ بھی آجائے گا۔جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کرکٹ لیگ کے آغاز سے پاکستان ویمن کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا، نوجوان کرکٹرز کیلئے تجربہ کار پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا اہم ہے، زندگی میں آپ ہر موقع پر سیکھتے ہیں، کرکٹ میں بھی ایسا ہی ہے، مجھے دیگر لیگز کھیلنے کا موقع ملا جس سے میرا کھیل کافی بہتر ہوا۔انگلش ویمن کرکٹر ڈینی ویاٹ نے کہا کہ منیبہ علی کافی باصلاحیت پلیئر ہیں، وہ کافی آگے جائیں گے، امید ہے پاکستان میں اسٹار کرکٹرز کو کھیلتا دیکھ اور بچیاں اس کھیل میں آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بہت کرکٹ کھیلی ہے، پاکستان کے ٹیلنٹ نے مجھے ہمیشہ کافی متاثر کیا ہے، پاکستانی پلیئرز میں ٹیلنٹ ہے، اچھے مقابلے کی کمی ہے جو لیگ سے دور ہوجائے گی۔ڈینی ویاٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بولنگ ہمیشہ سے اچھی تھی، بیٹنگ پہلے کمزور تھی، اب منیبہ اچھا کھیل رہی ہیں، امید ہے ویمن کرکٹ لیگ سے پاکستان کو اور بیٹنگ ٹیلنٹ بھی ملے گا۔