چھتیس گڑھ میں ٹرک اور پک اپ کے ٹکرانے سے 11 لوگوں کی موت، متعدد زخمی
رائے پور، فروری۔چھتیس گڑھ کے ضلع بلودہ بازار میں کل دیر رات ٹرک اور پک اپ کے ٹکرانے کے حادثے میں 11 لوگوں کی موت ہوگئی اور متعدد زخمی ہوگئے۔پولس ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع بلودہ بازار کے ارجونی علاقے میں دیر رات پک اپ اور ٹرک کے تصادم میں 11 افراد ہلاک اور ایک درجن کے قریب لوگ زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام قریبی رشتہ دار ہیں جو کسی خاندانی تقریب سے واپس آرہے تھے ، اور راستے میں انہیں حادثہ پیش آیا۔واقعہ پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے مہلوکین کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کے حکام کو حادثے میں زخمیوں کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنےکی ہدایت دی۔