شاہد کپور کی مداحوں کیلئے سنیما میں سرپرائز انٹری
ممبئی،فروری۔ بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہد کپور نے ویلینٹائن ویک پر فلم ’جب وی میٹ‘ کی اسکریننگ کے دوران سنیما گھر میں انٹری دے کر شائقین کو حیران کردیا۔شاہد کپور نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے۔اْنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’جب ہم 16 سال کے بعد ملے‘۔اس ویڈیو میں شاہد کپور کو سنیما ہال میں داخل ہوتے اور اْنہیں اچانک اپنے درمیان دیکھ کر مداح بے حد خوش اور حیران ہوتے نظر آ رہے ہیں۔اداکار کی سنیما میں یوں سرپرائز انٹری پر خوشی سے نہال مداحوں نے ان کے ساتھ خوب سیلفیاں بنوائیں اور فلم کے مشہور گانے’موجا ہی موجا‘ پر ڈانس بھی کیا۔دوسری جانب، شاہد کپور خود بھی اپنے مداحوں سے مل کر خوش اور پرجوش نظر آئے اور انہیں اپنی سدا بہار فلم کو تھیٹر میں دوبارہ ریلیز ہوتے دیکھ کر فخر بھی محسوس ہوا۔امتیاز علی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’جب وی میٹ‘ میں شاہد کپور، کرینہ کپور خان، دارا سنگھ اور ترون اروڑہ نے اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دِکھائے۔ یہ فلم باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی اور اسے آج بھی بڑے پیمانے پر پسند کیا جاتا ہے۔