مشہور ہالی ووڈ اداکار بروس ویلیس لاعلاج دماغی بیماری میں مبتلا
لاس اینجلس،فروری۔ ہالی ووڈ کے مشہور اداکار بروس ویلیس لاعلاج دماغی بیماری میں مبتلا ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 67 سالہ بروس ویلیس کے اہلخانہ نے بتایا کہ گزشتہ سال اداکار کو دماغی بیماری’آفیشیا‘ کے باعث بولنے میں مشکلات ہوتی تھیں جس کے بعد ان کی حالت میں بہتری آئی۔رپورٹس کے مطابق اہلخانہ نے کہا کہ اب بروس ویلیس کے دماغ میں مزید بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق فرنٹوٹیمپورل ڈیمنشیا (Frontotemporal dementia) نامی بیماری انسان کے دماغ کے ان حصوں کو متاثر کرتی ہے جس سے اس کی شخصیت، زبان اور برتاؤ کا تعلق ہوتا ہے۔اداکار کے خاندان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بیماری تکلیف دہ ہے تاہم اس کی صحیح تشخیص سے اطمینان ہوا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ آج اس بیماری کا کوئی علاج نہیں ہے، امید ہے مستقبل میں یہ صورتحال تبدیل ہوجائے گی۔یاد رہے کہ 67 سالہ بروس ویلیس کی خراب صحت کی خبر پہلی بار مارچ 2022ء میں منظرِ عام پر آئی تھی۔واضح رہے کہ بروس ویلیس نے اپنے کیریئر کے دوران ایک گولڈن گلوب اور 2 ایمی ایوارڈز جیتے ہیں۔