اسکاٹ لینڈ میں کورونا کی وبا کے باعث مزید پابندیاں عائد
گلاسگو:اسکاٹ لینڈ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد تین ہفتوں کے بعد ہونے والے ریویو میں نہ صرف کوئی رعایت نہیں دی گئی بلکہ چند مزید پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، گھروں، پبلک بار، ریسٹورنٹس اور گارڈن میں ملنے والے افراد کی تعداد کم کرکے صرف دو گھرانوں کے8افراد پر محدود کردی گئی ہے، قبل ازیں کسی ایک گھر میں تین گھرانوں کے8افراد جمع ہوسکتے تھے، آئندہ نظرثانی اب5اکتوبر کو ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ سابقہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت تیسرے سے چوتھے مرحلے میں جانے کے پروگرام کو ملتوی کردیا گیا ہے اور پیر کے دن سے شروع کیے جانے والے تھیٹرز، لائیو میوزک اور دیگر پروگرام معطل ہوگئے ہیں، اسٹیڈیم، دفاتر اور کال سینٹر بھی اکتوبر سے پہلے نہیں کھل سکیں گے البتہ جنازہ اور شادی کی تقریبات میں حسب معمول بیس افرادشرکت کرسکیں گے، لیکن وہ آپس میں دو میٹر کا فاصلہ رکھنے کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے دیگر تمام اصولوں کی بھی پابندی کریں گے، اب ریسٹورنٹس میں جانے والے گاہکوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے کہ ان کو کھانے کے اوقات کے علاوہ ماسک پہننا ہوں گے۔حکومت کا مزید کہنا ہے کہ ابھی اس بات کو ترجیح دی جائے گی کہ لوگ جہاں تک ممکن ہو اپنا کام دفاتر کے بجائے ابھی گھروں سے ہی کریں۔