109 سالہ قدیم بیکری بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث بند کرنے کا فیصلہ

لندن ،فروری۔ 109سالہ قدیم بیکری بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث بند کردی جائے گی۔ 1914ء میں قائم ہونے والی فیملی بیکری توانائی کی بھاری لاگت اور اجزا کی بھاری قیمت کے باعث بند کی جائے گی، اس کے مالک نے کہا ہے کہ سوان سی کے نزدیک پونٹر آر ڈیولس میں واقع فوکس بیکری توانائی کے بلوں کے ناقابل برداشت سطح تک بڑھنے کے بعد کاروباری جاری نہیں رکھ سکتی۔ 76سالہ پال فوکس اور ان کے خاندان نے تین نسلوں تک دکان چلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دکان اب بھی مصروف ہے تاہم توانائی کی قیمتوں میں اضافے کو برداشت کرنا ناممکن ہوگیا ہے اور انہوں نے محسوس کیا ہے کہ یہ وقت ان کے ریٹائر ہونے اور اہل خانہ کے ساتھ مزید وقت گزارنے کا ہے۔ بہرحال دکان بند ہونے سے وہ بہت جذباتی ہوگئے ہیں۔ یہ ایک معروف، مقبول دکان ہے تاہم لاگت بہت زیادہ ہوگئی ہے۔ دکان مکھن، تیل اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔ یوکرین میں جنگ کے باعث مئی2021ء سے زیادہ تر مصنوعات کیلئے ضروری چیز گندم کی قیمتوں میں165فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ بیکری منیجر پاؤ لاتھا مس نے16سال کی عمر میں اسکول چھوڑنے کے بعد بیکری میں کام کا آغاز کیا تھا اور43سال تک کام کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بیکری کی بندش ان کی زندگی میں بڑی تبدیلی ہے۔ سارے اسٹاف کی طرح وہ بھی بہت جذباتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام گاہکوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ہماری تنخواہوں کی ادائیگی میں مدد کی۔ پڑوسی ہیئر ڈریسر شاپ کی مالک ایما تھامس نے کہا ہے کہ انہیں دکان کی بندش پر صدمہ ہوا ہے۔ وہ اپنے رولز کی غیر موجودگی محسوس کریں گی۔ ٹاؤن کی رہائشی اور بیکری کی باقاعدہ گاہک بیتھن میئر نے بیکری کو دیہات کا ادارہ قرار دیا اور کہا کہ بیکری کی بندش افسوسناک ہے جس کے ساتھ انہوں نے پرورش پائی۔

Related Articles