فنچ نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کو الوداع کہا

میلبورن، فروری۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔فنچ نے منگل کو سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا، ’’میں نے ہمیشہ آسٹریلیا کی نمائندگی کی اہمیت کو سمجھا ہے۔ میں خوش قسمتی سے 12 سال تک ملک کے لیے کھیلتا رہا اور ہر لمحے سے لطف اندوز ہوا۔ میں اس سفر میں آسٹریلیا اور دنیا بھر سے ملنے والے تعاون کے لیے شکر گزار ہوں۔فنچ نے کہا کہ یہ جانتے ہوئے کہ میں 2024 میں ہونے والے اگلے ٹی20 ورلڈ کپ تک نہیں کھیلوں گا اوراب میرے لیے عہدہ چھوڑنے اور ٹیم کو اس ٹورنامنٹ کی منصوبہ بندی اور تیاری کے لیے وقت دینے کا صحیح وقت ہے۔ٹی20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کے کامیاب ترین کپتان اور بلے باز، فنچ نے اپنی ٹیم کوٹی20 ورلڈ کپ 2021 کا خطاب دلایاتھا۔ اپنے کیریئر میں انہوں نے 103 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے اور 142.5 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3120 رنز بنائے۔ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ اسکور (172 رنز) بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔آسٹریلیا میں گزشتہ سال ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ 2022 میں میزبان ٹیم کے لیگ مرحلے میں باہرہونے کے بعد فنچ کے ریٹائرمنٹ کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے فنچ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں، حالانکہ بگ بیش 2023 نے ان کے لیے سب کچھ صاف کر دیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے فنچ کے حوالے سے کہا کہ وہ ہمیشہ بگ بیش مکمل کرکے دوبارہ جائزہ لینا چاہتے تھے لیکن بی بی ایل میں ہر میچ کے بعد ان کے جسم میں درد ہورہا تھا جسے ٹھیک ہونے میں ایک یا دو دن کا وقت لگتا تھا۔فنچ نے کہا، میں نے کافی وقت تک اس کے بارے میں سوچا۔ میچوں کے درمیان لمبا وقفہ 2024 میں (ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں) اگلے ٹی20 ورلڈ کپ کی منصوبہ بندی اور تیاری کے لیے سب کو وقت دے گا، کیونکہ میں وہاں خود کو کھیلتا نہیں دیکھ سکتا۔قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا کے لیے 250 محدود اوورز کے میچ اور پانچ ٹیسٹ کھیلنے والے فنچ پہلے ہی کھیل کے دیگر دو فارمیٹس سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ وہ بگ بیش لیگ میں میلبورن رینیگیڈز کے لیے کھیلنا جاری رکھیں گے۔

Related Articles