ترکی میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 284 ہوئی، 2323 زخمی

استنبول، فروری ۔ ترکی میں طاقتور زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 284 اور زخمیوں کی 2323 ہو گئی ہے۔ترکی کے نائب صدر فواد اوکتائے نے پیر کو یہ اطلاع دی۔مسٹر اوکتائے نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ ابتدائی رپورٹوں میں مرنے والوں کی تعداد 76 اور 440 زخمی بتائی گئی تھی، لیکن اب تک 284 شہری ہلاک اور 2323 زخمی ہو چکے ہیں۔ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) کے مطابق، ریکٹر اسکیل پر 7.4 کی شدت کا زلزلہ آج مقامی وقت کے مطابق 04:17 پر صوبہ قہرمان مرعش میں آیا۔ اس کے جھٹکے پڑوسی صوبوں ہاتائے، آدانا، عثمانیہ، دیاربکر، مالاطیہ اور سانلیعرفا میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث ترکی میں تباہی کا منظرہے اور کئی افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس کے علاوہ ہمسایہ ملک شام میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے یہاں بھی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ترکی کے ایک اخبار پوسٹا نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی ترکی کے صوبے غازی انتیپ میں واقع غازی انتیپ کا تاریخی قلعہ آج زلزلے سے منہدم ہو گیا۔

Related Articles