میکرون پاسداران انقلاب پر پابندیاں لگانے کے لیے تیار ہیں: نیتن یاھو
تل ابیب،فروری ۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے جمعہ کو کہاہے کہ فرانسیسی صدر میکرون نے ایرانی پاسداران انقلاب پر پابندیاں عائد کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنے خطرے کو محدود کرنے کے لیے ایران کے خلاف آزادانہ کارروائی کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کی دھمکیوں کے متعلق فرانس اور اسرائیل کے درمیان بہت زیادہ ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے پیرس میں فرانسیسی صدر سے ملاقات کی۔ تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والی ان کی ملاقات کے اہم حصے میں ایران کے جوہری ہتھیاروں کے حصول کے عزائم اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ فرانسیسی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران ایران کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔جمعہ کو جاری بیان کے مطابق صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو نے مشرق وسطیٰ میں ایران اور اس کے پیروکاروں کو روکنے، ایرانی حکومت پر سخت پابندیاں عائد کرنے اور پاسداران انقلاب کو یورپی یونین کی دہشت گردی کی فہرست میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاھو جمعرات کی شام پیرس پہنچے تھے۔ گزشتہ سال کے آخر میں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر واپس آنے کے بعد نیتن یاھو کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے مذاکرات کی معطلی اور خطے میں ایران اور اس کے حواریوں کے خلاف مغربی ملکوں کو متحرک کرنے کے پس منظر میں ہوئی۔ مغربی ملکوں کو متحرک کرنے کی ضرورت سب سے زیادہ اسرائیل کو ہے۔