سعودی عرب جبل طویق کے وسط میں بہتی الواشلہ آبشار کے دلکش مناظر
ریاض،جنوری۔ریاض جیسے بڑے شہر میں جب موسلادھار بارشوں سے جل تھل ایک ہوتا ہے تو یہ نظارہ ہر آنکھ کو بھاتا ہے۔برستی بارش ، وادیوں میں بہتا پانی اور بہتی ہوئی آبشاریں ، بارش سے بننے والے ان حیرت انگیز مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے شہری گھروں سے باہر نکل آتے ہیں۔ ایسے میں بارش سے محظوظ ہونے کے لیے بہترین مقام ہے ریاض کے جنوب مغرب میں واقع طویق کے پہاڑ سے گرتی ہوئی آبشاریں، جو الواشلہ کے نام سے مشہور ہیں۔بارشوں کی پانی سے کھل اٹھنے والی یہ آبشاریں سالہا سال انتظار کے بعد ایسی خوبصورت تصویر پیش کرتی ہیں، جسے فوٹوگرافر خالد سعود الحنتمی نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا ، وہ خوبصورت مناظر فطرت کی عکس بندی کرتے ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے خالد نے کہا کہ الواشلہ آبشار ریاض کے جنوب مغرب میں دیراب روڈ پر واقع ہے۔ یہ جگہ اپنی خوبصورتی کے باعث سے اپنی مثال آپ ہے۔ یہاں آپ کو بلند وبالا پہاڑوں اور قدیم درختوں کا امتزاج دکھائی دیتا ہے۔موسلادھار بارش کے باعث آبشار کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔ بارش کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے اس جگہ کا رخ کیا جو طویق کے پہاڑوں کے وسط میں بہتی الواشلہ آبشار کے شاندار منظر کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے خواہشمند تھے۔ جو اس جگہ کی خوبصورتی اور وقار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔