نواز الدین صدیقی کی اہلیہ کا گھر پر ہراساں کیے جانے کا الزام
ممبئی،جنوری۔بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے الزام لگایا ہے کہ انہیں ان کے گھر پر ہراساں کیا جاتا ہے۔اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں عالیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے گھر میں بند ہیں اور مجھے گھر سے باہر نکلنے سے ڈر لگتا ہے۔ ان کا یہ الزام نواز الدین صدیقی کی والدہ کی جانب سے ان کے خلاف جائیداد کے تنازع پر درج مقدمے کے بعد سامنے آیا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ صورتحال اس وقت تبدیل ہوئی جب وہ دبئی سے اپنے شوہر کے گھر واپس آئیں اور ان کا اپنی ساس کے ساتھ جھگڑا بھی ہوا۔واضح رہے کہ عالیہ صدیقی اپنے بچوں یانی اور شورہ کے ساتھ اس وقت نواز الدین صدیقی کے اندھیری والے گھر پر مقیم ہیں، ان کی دبئی سے واپسی کی وجہ پاسپورٹ کے مسائل ہیں۔ اس حوالے سے ممبئی کی وروسا پولیس کے مطابق عالیہ کو تفتیش کیلیے طلب بھی کیا گیا تھا۔ عالیہ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں گھر کے کچن تک جانے کی اجازت نہیں ہے جبکہ وہ گھر کے ایک صوفے کو بطور بستر استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دوست جو مجھے کھانا بھجواتے ہیں انہیں گھر آنے کی اجازت نہیں اور نہ ہی میں باہر جاسکتی ہوں کیونکہ خدشہ ہے کہ میں گھر سے باہر نکلی تو پیچھے سے دروازہ بند کر دیا جائے گا۔