رنویر سنگھ اداکار کیساتھ خطروں کے کھلاڑی بھی بن گئے
ممبئی،جون ۔بالی ووڈ کے اسٹار اداکار رنویر سنگھ نے نامور مہم جو بیئر گرلس کے ساتھ جنگل میں وقت گزار کر خود کو خطروں کا کھلاڑی بھی ثابت کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی ایڈونچرر بیئر گرلس جنگل میں خطرات سے بھرپور ’مین ورسز وائیلڈ‘ نامی پروگرام کرتے ہیں۔ اس بار رنویر سنگھ نے بیئر گرلس کے ساتھ جنگل میں وقت بتایا اور خطروں سے کھیلا جو ان کے لیے کافی چیلنجنگ رہا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ خصوصی قسط نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی جس کا ابھی ٹیزر جاری کیا گیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکار کافی پریشان اور گھبرائے ہوئے دکھائے دے رہے ہیں۔ٹیزر میں رنویر کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’’ایک بٹن دبائیے اور میری جان بچائیے‘‘۔ اداکار ریچھ سے اپنی جان بچا کر بھاگتے ہوئے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ اداکار اکشے کمار، وکی کوشال اور اجے دیوگن بھی بیئر گرلس کے ساتھ خصوصی قسط ریکارڈ کراچکے ہیں۔