3 سال بعد سنچری بنانے پر روہت شرما کے فینز نے غریبوں میں کھانا تقسیم کر دیا
دہلی،جنوری۔کھیل میں ہر کھلاڑی پر اچھا اور برا وقت آتا ہے، کرکٹ میں بھی کھلاڑی کبھی رنز کے انبار لگاتے ہیں تو کبھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ایسا ہی بْرا وقت بھارتی کپتان روہت شرما پر بھی آیا جو بنانے پر آتے ہیں تو ڈبل سنچریاں اسکور کر ڈالتے ہیں لیکن گزشتہ 3 سال سے ان کا بیٹ خاموش دکھائی دیا اور وہ ون ڈے کرکٹ میں سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہے۔تاہم یہ کْفر حال ہی میں ہونے والی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ٹوٹا، جب بھارتی کپتان نے 24 جنوری کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں شاندار سنچری اسکور کی اور اپنے مداحوں کو خوش کر دیا۔بھارتی کپتان کے متوالوں نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی جانب سے 3 سال بعد ون ڈے میں سنچری اسکور کرنے کی خوشی میں غریبوں میں کھانا تقسیم کیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شرما کے کم بیک کرنے کی خوشی میں این جی او چلانے والے ان کے مداحوں نے پلاسٹک کے باکس میں کھانا ڈال کر غریب بچوں میں تقسیم کیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچہ کھانے کا باکس پکڑے ہوئے ہے جبکہ اس ڈبے پر ‘روہت شرما کی کم بیک سنچری’ لکھا ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 386 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا، کپتان روہت شرما نے ون ڈے کیریئر کی 30 ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے 101 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے علاوہ شبمن گل نے بھی 112 رنز بنائے۔روہت شرما نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں آخری سنچری 2020 میں آسٹریلیا کے خلاف اسکور کی تھی، یہی وجہ ہے کہ ان کے مداح بھارتی کپتان کی ون ڈے میں بڑے اننگز کے بے تاب تھے۔بھارت نے نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں 90 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کی۔