آسٹریلین اوپن: ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا کی جوڑی مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی
میلبورن، جنوری۔۔ٹاپ ہندوستانی ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا پیر کو یہاں آسٹریلین اوپن کے مکسڈ ڈبلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ ہندوستانی جوڑی نے اپنے دوسرے راؤنڈ کے میچ میں جاپان کے ماکوتو نینومیا اور یوراگوئے کے ایریل بہار کو 6-4,7-6(11-9) سے شکست دی۔ اب ان کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں لیٹوین-ہسپانوی جوڑی جیلینا اوسٹاپینکو اور ڈیوڈ ویگا ہرنینڈز سے ہوگا۔ ریو اولمپکس کی سیمی فائنلسٹ ثانیہ اور بوپنا نے پہلے راؤنڈ میں آسٹریلیائی جوڑی جیمی فورلیس اور لیوک ساویل کو شکست دی تھی۔ ثانیہ اپنا آخری گرینڈ سلیم کھیل رہی ہیں۔ چھ بار کی گرینڈ سلیم چیمپئن نے اس ماہ کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ وہ 19 فروری سے شروع ہونے والے ڈبلیو ٹی اے 1000 ایونٹ دبئی ٹینس چیمپئن شپ کے بعد پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائر ہو جائیں گی۔ ویمنز ڈبلز میں، ثانیہ اور اس کی قازق جوڑی دار اینا ڈینیلینا کی آسٹریلین اوپن مہم اتوار کو دوسرے راؤنڈ میں یوکرین-بیلجیئم کی ایلیسن وان واٹوانک اور انہیلینا کالینینا کے ہاتھوں شکست کے بعد ختم ہوگئی۔