عراق:بصرہ میں اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ مچنے سے 2 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
بصرہ ،عراق،جنوری۔عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں بین الاقوامی اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ مچنے سے 2 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔یہ افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب چار دہائیوں میں ملک میں منعقد ہونے والے پہلے بین الاقوامی فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کو دیکھنیکے لیے تماشائیوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کے باہرجمع ہوئی تھی۔عراق کے خبررساں ادارے (آئی این اے)کا کہنا ہے کہ بصرہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے باہربھگدڑ سیایک شخص ہلاک اور60 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ان میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔خبروں کے مطابق بصرہ جنرل اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ دو افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے ہیں۔ان میں سے بعض کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔عراق کی وزارتِ داخلہ نیایک بیان میں ان لوگوں پر زوردیا ہے جن کے پاس فائنل میچ دیکھنے کے ٹکٹ نہیں ہیں،وہ اسٹیڈیم کا علاقہ چھوڑدیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ اسٹیڈیم بھرا ہوا ہے اور تمام گیٹ بند کردیے گئے ہیں۔عراق کے نئے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ’’خلیج کپ کے 25 ویں ایڈیشن کے فائنل میچ کو اس کی سب سے خوب صورت شکل میں دکھانے کے لیے حکام کی مدد کریں‘‘۔آئی این اے نے بعد میں اطلاع دی کہ بصرہ میں مختلف عوامی مقامات پر بڑی اسکرینیں لگائی گئی ہیں تاکہ لوگ میچ دیکھ سکیں۔آٹھ ممالک پر مشتمل عرب خلیج کپ کا فائنل میچ جمعرات کوعراق اورعْمان کے درمیان کھیلاجارہا ہے۔اس ٹورنامنٹ کے دوران میں متعدد واقعات پیش آئے ہیں جس میں وی آئی پی سیکشن کے اندر افراتفری بھی شامل ہے۔اس کے دوران میں کویتی شہزادہ اس ماہ کے اوائل میں افتتاحی میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔اس ٹورنامنٹ کا آغاز6 جنوری کو ہواتھا۔اس میں خلیج تعاون کونسل کے رکن چھے ممالک بحرین، کویت، عْمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ یمن اورعراق کی ٹیمیں حصہ لے رہی تھیں۔ 1979 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب عراق نے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کی ہے۔