ایرانی جوہری پروگرام کیسے روکا جائے؟ نیتن یاھو کی جیک سلوان سے گفتگو

تل ابیب،جنوری۔اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے جمعرات کو امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلوان سے ملاقات کی۔ گزشتہ ماہ دائیں بازو کی اسرائیلی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے دونوں اتحادیوں کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر بات چیت ہوئی ہے۔جیک سلوان نے یہ دورہ واشنگٹن میں نیتن یاہو کی پالیسیوں اور اس کے انتہائی قوم پرست حکمران اتحاد کے بہت سے ارکان کے متعلق تشویش کے درمیان کیا ہے۔ اسرائیلی حکمران اتحاد پہلے ہی فلسطینیوں کے خلاف سخت رویہ اختیار کئے ہوئے ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ حکومت مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر میں تیزی لائے گی۔نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت کی۔ ملاقات کی ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو کے مطابق نیتن یاہو نے سلوان سے گفتگو میں کہا کہ میں صدر بائیڈن کو 40 سالوں سے اسرائیل کے عظیم دوست کے طور پر جانتا ہوں۔ ہم آپ کو سیکورٹی کو یقینی بنانے اور یقینی امن کو آگے بڑھانے کے معاملات پر ایک قابل اعتماد پارٹنر کے طور پر دیکھتے ہیں۔سلوان نے نیتن یاہو کو بتایا کہ ریاست اسرائیل کے ساتھ بائیڈن کی وابستگی بہت مضبوط ہے اور یہ ایک عزم ہے جس کی جڑیں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تاریخ، مشترکہ مفادات اور مشترکہ اقدار ہیں۔ امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ نئی نیتن یاہو حکومت کے ساتھ شخصیات کے بجائے پالیسیوں کی بنیاد پر نمٹے گا۔ ان شخصیا ت میں حکومت میں شامل اہم وزرا شامل ہیں جنہوں نے ماضی میں فلسطین اور عرب مخالف خیالات کا اظہار کیا تھا۔

Related Articles