وراٹ کوہلی کی ون ڈے رینکنگ میں بڑی ترقی

آئی سی سی،جنوری۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے کھلاڑیوں کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی کی پوزیشن میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔کوہلی نے سری لنکا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں تین میچز کھیلتے ہوئے دو سینچریوں کی مدد سے 283 رنز بنائے تھے۔کوہلی نے اس پرفارمنس کی بدولت عالمی رینکنگ میں چار درجہ ترقی پائی ہے جس کے بعد ان کی پوزیشن ڈیوڈ وارنر، امام الحق، کین ولیمسن اور اسٹیو اسمتھ سے اوپر ہوگئی ہے۔بدھ کو جاری آئی سی سی رینکنگ کے مطابق وراٹ کوہلی 750 پوائںٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم اس فہرست میں 887 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔آئی سی سی کے مطابق ابتدائی دس بہترین بلے بازوں میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے دو دو جب کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا ایک ایک بلے باز شامل ہے۔اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے ریسی ڈوسن اور کوائنٹن ڈی کوک بالترتیب 766 اور 759 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر پانچویں، امام الحق چھٹی، کین ولیمسن ساتویں، اسٹیو اسمتھ آٹھویں، انگلینڈ کے جونی برسٹو نویں اور بھارت کے روہت شرما دسویں پوزیشن پر ہیں۔سری لنکا کو تین ون ڈے میچز میں وائٹ واش کرنے والی بھارتی ٹیم کے بالرز کی عالمی رینکنگ میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔بھارتی فاسٹ بالر محمد سراج کے پوائنٹس کی تعداد 685 ہو گئی ہے اور وہ بہترین بالرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل وڈ دوسرے نمبر پر ہیں۔آل راؤنڈرز کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، افغانستان کے محمد نبی اور بنگلہ دیش کے مہدی حسن بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

Related Articles