دہلی اس بار آئی پی ایل خطاب کی مضبوط دعویدار : پیٹرسن
دبئی ، 12 ستمبر (یواین آئی ) انگلینڈ کے سابق کپتان اور اب کمنٹیٹر کیون پیٹرسن نے کہا ہے کہ اس بار دہلی کیپٹلس آئی پی ایل میں خطاب کی مضبوط دعویدار ہے۔
پیٹرسن آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن کے لئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچ گئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ دہلی کیپٹل اس بار ٹورنامنٹ کا خطاب حاصل کرے گی۔ پیٹرسن آئی پی ایل میں دہلی ڈیئر ڈیولس (اب دہلی کیپٹلس) کے لئے کھیل چکے ہیں۔
40 سالہ پیٹرسن آئی پی ایل میں کمنٹری کے لئے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین ٹی 20 سیریز میں کمنٹری کی تھی ۔ پیٹرسن آئی پی ایل میں دکن چارجز ، دہلی ڈیئر ڈیولس (اب دہلی کیپٹلس) ، رائل چیلنجرس بنگلور اور سن رائزرس حیدرآباد کے لئے کھیلے تھے۔
پیٹرسن نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ، "میں برطانیہ کے خصوصی تحفظ پروٹوکول کے ساتھ دبئی پہنچا ہوں ۔ کرکٹ کی واپسی پر بہت خوش ہوں اور ہمیشہ کی طرح آئی پی ایل میں کام کرنے کے لئے پرجوش ہوں۔ اس بار کون جیتے گا؟ امید کرتا ہوں دہلی جیتے گی۔ ”