کشمیر: بالائی علاقوں میں تازہ برف باری

 میدانی علاقوں میں بارش، شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ

سری نگر، جنوری۔ وادی کشمیر میں بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بیچ شبانہ د رجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 19 سینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ پہلگام میں ایک سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 9.8 ملی میٹر اور کپوارہ میں 11.3ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوئی ہے۔سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں 5 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گلمرگ میں 2 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔پہلگام میں بھی 2 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف و باراں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 14 جنوری سے موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں شہنشاہ زمستان چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے اور اس دور حکومت21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔اس کے بعد بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوجاتا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران سردیوں کی شدت کمی واقع ہوجاتی ہے تاہم بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔

 

Related Articles