کورین پاپ بینڈ BTS کے گلوکار کم سیوک جن کا مداحوں کیلئے جذباتی پیغام
سیول،جنوری ۔ عالمی شہرت یافتہ جنوبی کورین بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے ممبر کم سیوک جن نے لازمی فوجی سروس کا آغاز کرنے سے پہلے اپنے مداحوں کے لیے ایک جذباتی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔آل بوائز بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے تمام ممبرز اس بات کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ مداحوں کو یہ محسوس نہ ہو کہ کم سیوک جن کو پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے۔ کورین بینڈ کے سب سے بڑے ممبر گلوکار کم سیوک جن نے ارجنٹینا ٹریول ڈائری پر مشتمل ایک ویڈیو میں اپنے مداحوں کے لیے ایک جذباتی ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا ہے۔یہ ویڈیو کورین گلوکار کی لازمی فوجی سروس کے لیے روانگی سے قبل بنائی گئی تھی۔اْنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ جب تک یہ ویڈیو آپ تک پہنچے گی میں ایک عام شہری نہیں رہوں گا، لیکن میں ابھی یہاں کیمرے کے سامنے اس لیے موجود ہوں کیونکہ میں آپ سب کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں۔اْنہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں جب بھی دستیاب ہوں، ایسی ویڈیوز کو آپ کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے میں ابھی آپ کے ساتھ نہیں ہوں، لیکن میں آپ کو جلد ہی واپس آؤں گا بس آپ تھوڑا انتظار کریں۔اْنہوں نے اپنی بات کو مکمل کرتے ہوئے کہا کہ آج کے لیے بس اتنا ہی، اگلی بار جب میرے پاس وقت ہوگا تو میں ایک اور ویڈیو شیئر کروں گا‘۔اس سے قبل، سوشل میڈیا پر کم سیوک جن کی ملٹری کیمپ سے کچھ تصاویر وائرل ہوئی تھیں، جن پر صارفین کی جانب سے ملا جلا سا ردِ عمل سامنے آیا تھا۔وائرل ہونے والی ان تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ سب کو گلوکار کی پرائیویسی کا خیال رکھنا چاہیئے، اس طرح ملٹری کیمپ سے ان کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بالکل بھی مناسب نہیں۔