بائیکاٹ مہم کے خاتمے کیلئے بھارتی فلمسازوں نے حکومت سے مدد مانگ لی
ممبئی،جنوری۔بھارتی فلمسازوں نے ملک میں جاری فلموں کی بائیکاٹ مہم کے خاتمے کیلئے حکومت سے مدد مانگ لی۔فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائیز نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں بالی وڈ بائیکاٹ مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔فلمساز ادارے نے ملک میں جاری بائیکاٹ مہم کو کھلی بدمعاشی قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسی مہم کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔یہ مطالبہ بھارتی اداکار سنیل شیٹھی کی یوپی چیف منسٹر یوگی ادتیاناتھ سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اداکار نے سی ایم یوگی سے بائیکاٹ مہم کے جذبات کو کم کرنے کیلئے مدد کی درخواست کی تھی۔اعلامیے کے مطابق بائیکاٹ مہم سے فلمسازی کے پیشے سے جڑے لاکھوں لوگوں کا روزگار متاثر ہورہا ہے اور ان کیلئے روزی روٹی کے مسائل بڑھ گئے ہیں۔حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ کسی بھی فلم پر اعتراض کرنے والے کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے تحفظات خط کے ذریعے بھارتی سینسر بورڈ کو بھیجے تاکہ بورڈ اس پر مناسب کارروائی کرسکے، یکطرفہ مہم سے اداکاروں اور پروڈیوسروں کی جان کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ آج کل شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کو انتہاپسندوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے جبکہ اس سے قبل عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈا‘ بھی بائیکاٹ مہم کا شکار ہوئی تھی۔