سعودی عرب کی وادی الرمۃ کی ندی میں 14 سال بعد پانی آگیا

ریاض،جنوری ۔ سعودی عرب میں حالیہ بارشوں کے بعد مشہور وادی ’’ الرمۃ‘‘ میں 14 سال بعد پانی آ گیا۔ ایک شاندار منظر میں ’’سعودی وادیوں کا شیخ‘‘ کہلائی جانے والے اس وادی میں بارش کا پانی بہتا ہوا نظر آرہا ہے۔ لوگوں نے اس طرح کے خوبصورت مناظر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کردئیے ہیں۔ قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کیلئے لوگوں نے وادی کا رخ کر لیا ہے اور ساتھ ہی علاقے میں ٹریفک کی روانی کنٹرول کرنے کیلئے متعلقہ محکموں نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔سعودی علاقے ’’القصیم‘‘ کے لوگوں نے بارش کے حالیہ سیزن کے بعد اس وادی کے بہاؤ اور یہاں پہنچنے والے پانی کے لمحات کی تصاویر لیکر آگے منتقل کرنا شروع کر دی ہیں۔ یہ وادی علاقے کے لوگوں کے لیے ایک عوامی پارک ہے۔ بہت سے لوگوں نے بتایا کہ یہ وادی 14 سال میں پہلی مرتبہ زیر آب آئی ہے۔ فوٹوگرافر، عبداللہ الصبیعی نے وادی الرمۃ کے اس تاریخی واقعہ کی تصاویر لی اور ویڈیو کی شکل دی ہے۔ یہاں پانی کے بہاؤ کے گرد آنے والے لوگوں کے درمیان جشن کا سماں ہے۔ماہر موسمیات، ڈاکٹر خالد الزعاق نے تصدیق کی کہ وادی الرمۃ کی ندی میں پانی کا بہاؤ مکمل ہوگیا ہے۔ اس سے قبل 1440 ہجری میں موسلا دھار بارشوں کے بعد اس ندی میں پانی کا بہاؤ مکمل ہوا تھا۔ علاقے کی امارات کی طرف سے شائع ایک ویڈیو کلپ میں النبھانیہ گورنری سے القیصومہ تک پھیلی ہوئی سڑک کے پل پر وادی کا بہاؤ دکھایا گیا ہے۔ وادی الرمۃ جزیرہ نما عرب کی سب سے بڑی اور طویل وادی سمجھی جاتی ہے۔ یہ وادی نجد سطح مرتفع کے طوفانوں کو معاون ندیوں اور چٹانوں کے گھنے اور پیچیدہ نیٹ ورک کے ذریعے بہاتی ہے۔وادی الرمۃ کے حوض کا زیادہ تر حصہ القصیم کے علاقے میں واقع ہے۔ اس کے مضافات حائل کے علاقے کے جنوب میں واقع ہیں ، اسی طرح مدینہ منورہ کے علاقے کے مشرق میں اور ریاض کے علاقے کے شمال مغرب میں اور وادی المنور کے علاقے میں واقع ہیں۔روم? طاس یا رومۃ کا حوض سیاہ آتش فشاں حرات سے مغرب کی طرف پھیلا ہوا ہے جو سطح سمندر سے 1300 میٹر سے زیادہ بلند ہوتے ہیں۔ اس وادی کی لمبائی تقریباً 600 کلومیٹر ہے۔وادی الرمۃ کی چوڑائی عقلۃ الصقور کے آس پاس اوسطاً 2 کلومیٹر ہے۔ پھر یہ دو پہاڑوں (ابانات الاحمر اور ابانات الاسمر) کے درمیان تقریباً 3 کلومیٹر تک پھیلی ہے۔پھر الراس کے مغرب میں 3.5 کلومیٹر تک پھیلی ہے۔ اور الراس اور البدائع کے درمیان 5 کلومیٹر، پھر عنق الزجاجہ میں 300 میٹر تک پھیلی ہے۔وادی الرمۃ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہے۔ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے مختصر وقت میں شدید، مسلسل اور متواتر بارشیں ہو سکتی ہیں۔ عربوں کی سرزمین میں ایک موسم سب کو حیران کر سکتا ہے۔

 

Related Articles