کھلاڑی ون ڈے کرکٹ کھیلیں خواہ آئی پی ایل سے بریک لیں: گمبھیر

کولکتہ، جنوری۔سابق ہندوستانی کرکٹر گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ اس سال منعقد ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہندوستان کے سرکردہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنی چاہئے، چاہے انہیں آئی پی ایل میں ٹی ٹوئنٹی سے بریک کیوں نہ لینا پڑے۔ اسٹار اسپورٹس کے روڈ ٹو ورلڈ کپ گلوری پر بات چیت کرتے ہوئے گمبھیر نے کہا، ’’اس سال ون ڈے پر ضرور توجہ دینی چاہیے۔ اگر تین سے زیادہ فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑی وقفہ لینا چاہتے ہیں تو وہ ٹی 20 کرکٹ سے وقفہ لے سکتے ہیں، لیکن ون ڈے فارمیٹ سے بالکل نہیں۔ انہیں مل کر کھیلنا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ نے پچھلے دو ورلڈ کپ میں سب سے بڑی غلطی یہ کی ہے کہ ان لوگوں نے ایک ساتھ کافی کرکٹ نہیں کھیلی۔گمبھیر نے کہا، "مجھے بتائیں کہ ہم نے کتنی بار بہترین الیون کو میدان میں اتارا ہے؟ ہم نے ایسا نہیں کیا، صرف ورلڈ کپ کے دوران ہم نے بہترین الیون کا فیصلہ کیا، لیکن بدقسمتی سے یہ کبھی بھی بہترین الیون نہیں بن سکی۔ اس لیے ان کھلاڑیوں کو کافی محدود اووروں کی کرکٹ کھیلنی ہو گی، خاص طور پر 50 اوور کے ورلڈ کپ کے لیے، چاہے وہ ٹی ٹوئنٹی یا آئی پی ایل سے وقفہ لیں۔ بریک ٹی 20 فارمیٹ میں ہونا چاہیے نہ کہ 50 اوور کے ون ڈے میں۔ اگر فرنچائزی کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے تو یہ بھی منظور ہے۔ خیال رہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے یکم جنوری کو منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ میں فیصلہ کیا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) آئی پی ایل ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور ہندوستان کے اہم کھلاڑیوں کی فٹنس کی نگرانی کرے گی۔گمبھیر نے کہا، “ہندوستانی کرکٹ اہم اسٹیک ہولڈر ہے، آئی پی ایل نہیں۔ آئی پی ایل صرف ایک پروڈکٹ ہے۔ اگر ہندوستان باہر جاتا ہے اور ورلڈ کپ جیتتا ہے تو یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ مثال کے طور پر اگر کوئی اہم کھلاڑی آئی پی ایل کے کچھ میچوں سے محروم ہوجاتا ہے تو یہ ٹھیک ہے کیونکہ آئی پی ایل ہر سال ہوتا ہے اور ورلڈ کپ چار سال میں ایک بار ہوتا ہے۔ اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ورلڈ کپ جیتنا آئی پی ایل جیتنے سے زیادہ اہم ہے۔ ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کے انتخاب کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے گمبھیر نے کہا کہ بی سی سی آئی کو پہلے ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کی ضرورت ہے جو بے باکی کے ساتھ کھیل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ کو ہر قسم کے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوگی، ایسے کھلاڑیوں کی بھی جو پچ پر ٹک کر کھیل سکتے ہیں۔

Related Articles