مجھے بچے چاہئیں لیکن بچوں کی ماں نہیں چاہیے: سلمان خان
ممبئی،دسمبر۔بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے کچھ سال قبل انکشاف کیا تھا کہ وہ بچوں کے خواہش مند ہیں لیکن فی الحال وہ شادی نہیں کرنا چاہتے۔بالی وڈ کے بھائی جان اپنی 57ویں سالگرہ منارہے ہیں جس کے پیشِ نظر بالی وڈ انڈسٹری سمیت دنیا بھر سے انہیں سالگرہ کی مبارکبادیں دی جارہی ہیں، مداح ان کے پرانے قصوں اور بیانات کا تذکرہ سوشل میڈیا پر کررہے ہیں۔سلمان اکثر ہی بچوں کے ساتھ پیار اور محبت سے پیش آتے نظر آتے ہیں، میڈیا کے مطابق 2019 میں دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں بچوں کا تذکرہ کیا تھا۔اداکار کا مسکراتے ہوئے کہنا تھا کہ ‘مجھے بچے چاہئیں لیکن بچوں کے ساتھ مائیں بھی آتی ہیں، مجھے بچے کی ماں نہیں چاہیے لیکن بچوں کو ماں کی ضرورت ہوتی ہے’۔سلمان نے یہ بھی کہا ‘مجھے بچوں کی ماں نہیں چاہیے البتہ میرے پاس بچوں کو سنبھالنے کے لیے پورا گاؤں ہوگا’۔خیال رہے کہ ماضی میں سلمان خان کے متعدد اداکاراؤں سے معاشقے کی خبریں سامنے آئیں لیکن انہوں نے اب تک شادی نہیں کی۔