برطانیہ کے 5 ملین افراد کرسمس اور سال نو کا تہوار بیرون ملک بنائیں گے
لندن ،دسمبر ۔ برطانیہ کے کم وبیش 5ملین افراد کرسمس اور سال نو کا تہوار بیرون ملک بنائیں گے۔ ٹریول ٹریڈ کی تنظیم ابٹا کا کہنا ہے کہ جمعہ کو بڑی تعداد میں لوگ بیرون ملک جائیں گے جبکہ کرسمس والے دن خاموشی ہوگی۔ ان کے ارکان کا کہنا ہے کہ کینری آئی لینڈز، جنوبی سپین، ترکی، پرتگال اور مصر کے ٹکٹوں کی زیادہ ڈیمانڈ ہے، لوگ بڑے ائرپورٹس سے بیرون ملک جا رہے ہیں۔ توقع ہے کہ دسمبر کے آخری دو ہفتوں کے دوران 3ملین سے زیادہ مسافر ہیتھرو ائر پورٹ سے بیرون ملک جائیں گے۔ ابٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک ٹنزر کا کہنا ہے کہ کرسمس اور سال نو ہمیشہ بہت مصروف رہتا تھا کیونکہ یہ سال بہت ہی خصوصی ہے کیونکہ سفر پر پابندیوں کے بعد لوگوں کو اپنے دوستوں اور فیملی کو بیرون جا کر تہوار منانے کا موقع ملا ہے۔ ابٹا ارکان کو خوشی ہے کہ کرسمس پر لوگوں کو اپنے خوابوں کی تکمیل کا موقع ملا، تاہم بارڈر فورس ورکرز کی ہڑتالوں کی وجہ سے سفر میں خلل پڑنے کا خطرہ ہے۔ پبلک اور کمرشل سروسز یونین کے ارکان، جو ہیتھرو، گیٹ وک، مانچسٹر، برمنگھم، کارڈف اور گلاسگو ائرپورٹس پر بارڈر فورس کیلئے کام کرتی ہے، ہڑتال پر ہوگی۔ برٹش ائر ویز اور ورجن اٹلانٹک نے اطلاعات کے مطابق ہیتھرو ائر پورٹس آنے والی پروازوں کیلئے بارڈر فورس کی ہڑتال کے دنوں کیلئے نئے ٹکٹوں کی فروخت روک دی ہے۔