کیا ڈیوڈ وارنر ریٹائر ہورہے ہیں؟ کرکٹر کے منیجر کا بیان آگیا

سڈنی،دسمبر۔آسٹریلیا کے جارحانہ بلے باز ڈیوڈ وارنر کے ریٹائر ہونے سے متعلق ان کے منیجر کا بیان آیا ہے۔ٹیسٹ کرکٹر کے منیجر جیمز ارسکائین کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ وارنر کے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ،آسٹریلوی سلیکٹرز کو ڈیوڈ وارنر کے حوالے سے فیصلہ کرنے سے قبل ان کے اعدادوشمار دیکھنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ برس بھارت اور انگلینڈ کے ہیوی ڈیوٹی ٹورز ڈیوڈ وارنر کے ایجنڈے میں شامل ہیں،اگلا ٹیسٹ ڈیوڈ وارنر کا آخری ٹیسٹ نہیں ہے۔جیمز ارسکائین کے مطابق اگر وارنر واقعی ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں تو یہ میرے لیے بھی خبر ہے،کرکٹر کی ایک فیملی ہے، کئی اور سرگرمیاں بھی ہیں لیکن اس وقت ریٹائرمنٹ زیر غور نہیں ہے، اس وقت ڈیوڈ وارنر کا پلان یہی ہے کہ انہوں نے انڈیا اور انگلینڈ میں کھیلنا ہے۔واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر کی حالیہ پرفامنس کی وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا ہے، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں ڈیوڈ وارنر ناکام رہے جس کے بعد یہ موضوع زیر بحث ہے کہ آیا اب ڈیوڈ وارنر کو آئندہ منتخب کیا جائے گا یا نہیں۔آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے شروع ہو گا، ڈیوڈ وارنر اب تک 99 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں جب کہ انہیں سنچری اسکور کیے تین برس ہوچکے ہیں۔

Related Articles