جاوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے، 40 لوگوں کی موت، سینکڑوں زخمی
جکارتہ، نومبر۔ انڈونیشیا کے جاوا جزیرے میں پیر کے روز آنے والے طاقتور زلزلے سے 40 سے زیادہ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے اعداد و شمار کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز مغربی جاوا کے شہر سیانجور میں سطح زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ دارالحکومت جکارتہ سے تقریباً 100 کلومیٹر دور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اونچی عمارتوں میں رہنے والے لوگوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔مقامی اطلاعات کے مطابق امدادی عملہ منہدم عمارتوں سے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک خاتون اور بچے کو بچا لیا گیا ہے۔سیانجور شہر کی انتظامیہ کے سربراہ ہرمن نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ زلزلے میں کم از کم 46 افراد ہلاک اور 700 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی نے کہا کہ سیانجور کے علاقے میں درجنوں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان میں ایک اسپتال اور ایک اسلامی بورڈنگ اسکول کی عمارتیں شامل ہیں۔سولاویسی، انڈونیشیا میں 2018 میں آنے والے زلزلے سے 2000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔