اماراتی وزیرخارجہ شیخ عبداللہ اورچاوش اوغلو کا دوطرفہ تعلقات اورتوانائی پرتبادلہ خیال

ابوظبی،نومبر۔متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے اپنے ترک ہم منصب مولودچاوش اوغلو سے ملاقات میں علاقائی امور اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان یہ ملاقات ابوظبی میں منعقدہ سربانیاس فورم کے موقع پر ہوئی ہے۔انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پرتبادلہ خیال کیا۔اس فورم میں روسی وزیرخارجہ سرگئی لافروف نے بھی شرکت کی ہے۔شیخ عبداللہ نے بحیرہ اسود کے ذریعے اناج کی برآمد کے معاہدے کی بحالی پر چاوش اوغلو کو مبارک باد دی۔انھوں نے اس معاہدے پرعمل درآمد جاری رکھنے کے لیے جمہوریہ ترکیہ کی کوششوں کوسراہا ہے۔انھوں نے ترکیہ میں سرمایہ کاری کے لیے متحدہ عرب امارات کی دل چسپی کی بھی تصدیق کی۔گذشتہ سال ترک صدر رجب طیب ایردوان اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے درمیان مذاکرات کے بعد دونوں ملکوں نے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دست خط کیے تھے۔ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے وزیرمملکت خلیفہ شاہین المرار بھی موجود تھے۔

Related Articles