شیوا تھاپاایشین ایلیٹ باکسنگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
نئی دہلی، نومبر۔پانچ بار ایشین چیمپئن شپ کا تمغہ جیتنے والے شیوا تھاپا نے جمعہ کو اردن کے دارالحکومت عمان میں سخت جدوجہد سے جیت کر اے ایس بی سی ایشین ایلیٹ باکسنگ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ تھاپا نے 63.5 کلوگرام وزن کے زمرے کے پری کوارٹر فائنل میچ میں منگولیا کے بیامبتسوگت تگلدور سے مقابلہ کیا۔ دونوں باکسرز نے شروع ہی سے اپنے جارحانہ موقف کے ساتھ آمنے سامنے مقابلہ کیا اور ایک دوسرے پر کچھ زوردار وار کیے جس سے میچ کافی قریب ہو گیا۔ تاہم، آخر میں، ہندوستانی باکسر کا تجربہ کام آیا اور وہ اپنی تیز رفتاری کی مدد سے اپنے حریف پر حاوی ہونے میں کامیاب رہے، اور میچ 3:2 کے فرق سے جیت کر آخری 8 راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ تھاپا اب کوارٹر فائنل میں حیدرا السالی اور منسو چوئی کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے مقابلہ کریں گے۔ بعدازاں آج رات اننت چوپڈے (54 کلوگرام) اور ایتاش خان (60 کلوگرام) اپنے اپنے پری کوارٹر فائنل میں بالترتیب جاپان کے تاناکا شوگو اور تھائی لینڈ کے کھناٹیپ پڈنیچ سے مقابلہ کریں گے۔ ٹوکیو اولمپک کانسی کا تمغہ جیتنے والی لولینا بورگوہین سمیت سات ہندوستانی خاتون باکسر ہفتہ کو کوارٹر فائنل مرحلے سے اپنی اپنی مہم شروع کریں گی۔ لولینا نے اپنا وزن 69 کلوگرام سے تبدیل کیا ہے اور اب وہ 75 کلوگرام کیٹیگری میں حصہ لے رہی ہیں۔ وہ وزن کے نئے زمرے میں اپنا پہلا بین الاقوامی ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔ ان کا مقابلہ 2016 کی عالمی چیمپئن قزاقستان کی ویلنٹینا خلزووا سے ہوگا۔ دیگر چھ باکسر – میناکشی (52 کلوگرام)، ساکشی (54 کلوگرام)، پریتی (57 کلوگرام)، پروین (63 کلوگرام)، انکوشیتا (66 کلوگرام) اور پوجا (70 کلوگرام) ہفتہ کو کھیلیں گی۔ اس عالمی مقابلے میں 27 ممالک کے 267 ٹاپ باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔