دو کنزرویٹو ایم پیز نے مس بریورمین کی دوبارہ تقرری پر سوال اٹھا دیا

لندن ،اکتوبر۔دو کنزرویٹو ایم پیز نے ڈیٹا خلاف ورزیوں پر مستعفی ہونے کے چند دن بعد سویلا بریورمین کی ہوم سیکرٹری کے طور پر دوبارہ تقرری پر سوال اٹھایا ہے۔ کیرولین نوکس نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بڑے سوالات ہیں اور انہوں نے اس کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کیا۔ ٹوری پارٹی کے سابق چیئرمین جیک بیری نے کہا کہ مس بریورمین کی خلاف ورزیاں متعدد اور سنگین تھیں۔ تاہم بی بی سی سے گفتگو میں سینئر وزیر ندیم ضحاوی نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ چھٹکارے پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے اس کیس کو دیکھا اور انہوں نے انہیں ایک اور موقع دینیکا فیصلہ کیا۔ مس بریورمین نے لز ٹرس کی وزارت عظمیٰ کے آخری دنوں میں استعفیٰ دیا تھا اور ان کے نام ایک خط میں تسلیم کیا تھا کہ ایک سرکاری دستاویز کسی ایسے شخص کو بھیج کر قواعد کی تیکنیکی خلاف ورزی کی ہے جو اسے وصول کرنے کا مجاز نہیں ہے، اس لئیمیں اس منصب سے استعفیٰ دے رہی ہوں۔ تاہم اس کے صرف چھ دن بعد مسٹر سوناک نے مس بریورمین کو دوبارہ ہوم سیکرٹری مقرر کریا۔ بریورمین نے وزارت عظمیٰ کیلئے سوناک کی حمایت کی تھی۔ پرائم منسٹر کوئسچنز میں لیبر لیڈر سر کیئر سٹارمر نے نئے وزیراعظم پر الزام لگایا کہ انہوں نے مس بریورمین کو اپنی سپورٹ کے بدلے میں یہ منصب دوبارہ سونپا ہے۔ سوناک کمزور ہیں۔ جنہوں نے ایک اور لیڈرشپ الیکشن ہارنے کے خوف میں قومی سلامتی پر یہ ڈیل کی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں لیبر اور لبرل ڈیموکریٹس نے مس سویلا بریورمین کی دوبارہ تقرری کے بارے میں انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ رومسی اینڈ سائوتھمپٹن نارتھ سے کنزرویٹو ایم پی مس کیرولین نوکس نے بھی انکوائری کے مطالبے سے اتفاق کیا ہے۔ بی بی سی ریڈیو سولینٹ سے بات کرتے ہوئے نوکس نے کہا کہ میرے خیال میں اس پورے معاملے پر بڑے سوالات اٹھ رہے ہیں اور صاف کہتی ہوں کہ میں ان کو کلیئر ہوتے دیکھنا چاہوں گی تاکہ ہوم سیکرٹری اپنا کام جاری رکھ سکیں۔ مس لز ٹرس کے تحت پارٹی چیئرمین کے طور پر کام کرنے والے مسٹر بیری نے ٹاک ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بریورمین کا پرائیویٹ ای میل ایڈریس پر دستاویز بھیجنا سنگین خلاف ورزی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے شبہ ہے کہ گزشتہ چھ روز میں بریورمین نے اپنا ذہن تبدیل کر لیا ہوگا۔ بیری کو سوناک نے پارٹی لیڈر بننے کے بعد برطرف کر دیا تھا۔ 10 ڈائوننگ ترجمان نے ان رپورٹس کی تردید کی ہے کہ کیبنٹ سیکرٹری سائمن کیس جو سول سروس سربراہ ہیں، اس تقرری کے بارے میں بے چین تھے۔ بی بی سی کو بتایا گیا ہے کہ ہوم سیکرٹری نے ای میل سیکورٹی پر مزید بریفنگ کی درخواست کی ہے۔

Related Articles