اروشی روٹیلا نے ایرانی خواتین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے بال کٹوادیے
ممبئی،اکتوبر۔بھارتی ماڈل و معروف ڈانسر اروشی روٹیلا نے ایرانی خواتین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے اپنے بال کٹوا دیے۔ اروشی روٹیلا نے فوٹو اینڈ ویڈیو ایپ انسٹاگرام پر بال کٹواتے ہوئے اپنی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔اْنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے ان تمام ایرانی خواتین اور لڑکیوں کی حمایت میں اپنے بال کٹوائے جوکہ مہسا امینی کی تہران پولیس کے ہاتھوں ہونے والی گرفتاری کے بعد مظاہروں کے دوران ماری گئیں‘۔اْنہوں نے لکھا کہ’ یہ میں نے اپنی 19 سالہ بھارتی انکیتا بھنڈاری جوکہ اتراکھنڈ سے ہے اس کے لیے بھی کیا ہے‘۔اْنہوں نے مزید لکھا کہ ’دنیا بھر کی خواتین بال کٹوا کر ایرانی حکومت کے خلاف متحد ہو رہی ہیں‘۔اروشی روٹیلا نے لکھا کہ’خواتین کا احترام کریں، بالوں کو خواتین کی خوبصورتی کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے‘۔اْنہوں نے لکھا کہ’سرعام بالوں کو کاٹ کر خواتین یہ ظاہر کر رہی ہیں کہ وہ معاشرے کے بنائے ہوئیخوبصورتی کے معیار کی پرواہ نہیں کرتیں اور کسی بھی چیز یا کسی فرد کو یہ فیصلہ نہیں کرنے دیں گی کہ وہ اْنہیں یہ بتائے کہ وہ کس طرح کے لباس پہنیں، کس طرح برتاؤ کریں یا کس طرح زندگی گزاریں‘۔اْنہوں نے مزید لکھا کہ’ایک بار جب خواتین اکٹھی ہو جائیں اور ایک عورت کے مسئلے کو پوری دنیا کی ہر عورت کا مسئلہ سمجھیں، تو حقوق نسواں کی ایک نئی طاقت نظر آئے گی‘۔