بھارتی اداکارہ نے کیرئیر کے عروج پر اسلام کیلئے فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا
ممبئی،اکتوبر۔بھارت کی مقامی فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ سحر افشاں نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا۔ادکارہ سحر افشاں مقامی فلم انڈسٹری بھوجپوری کی نامور اداکارہ ہیں اور انہوں نے کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے جاری بیان میں اداکارہ کا کہنا تھاکہ میں شوبز چھوڑ رہی ہوں اور انڈسٹری سے میرا تعلق نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں اللہ سے معافی کی طلبگار ہوں اور باقی زندگی اسلامی تعلیمات اور اللہ کے احکامات کے مطابق گزارنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔سحر کا کہنا تھاکہ اتفاق سے انڈسٹری میں آئی اور آگے ہی بڑھتی رہی لیکن اب یہ سب ختم کرنے کا ارادہ کرلیا ہے، شہرت اور دولت کے باوجود دل میں ہمیشہ خلش رہی ہے کیونکہ ایسی زندگی کا کبھی تصور نہیں کیا تھا۔خیال رہے کہ اس سے قبل بالی وڈ اداکارہ ثنا خان سمیت کئی نے آئندہ زندگی اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کیلئے شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔