ملائشیا اورانڈونیشیا کا ترکی سے مسلح ڈرون خریدکرنے میں اظہارِدلچسپی

انقرہ،ستمبر۔ملائشیا اورانڈونیشیا نے ترکی کی دفاعی فرم بایکر سے مسلح ڈرونزخریدکرنے میں گہری دلچسپی کااظہارکیا ہے۔ترکی کے ان ڈرونز نے متعدد ممالک میں میدان جنگ میں پانسہ پلٹنے میں اہم کردارادا کیا ہے اور اب متعدد ممالک اس سے یہ ڈرونز خرید کرنے کے خواہاں ہیں۔ترک وزیرخارجہ مولودچاوش اوغلو نے سوموار کوٹوکیومیں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ بہت سے ایشیائی ممالک، بالخصوص ملائشیا اورانڈونیشیانے ہماری دفاعی صنعت کی مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہرکی ہے اور اس ضمن میں ان ممالک کے ساتھ سمجھوتوں پردست خط کیے جا رہے ہیں۔جاپان کے سابق وزیراعظم شنزوآبے کی آخری رسومات میں شرکت کے موقع پرٹوکیو میں انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ ہم جاپان کی ڈرونز کی ضرورت کو پورا کریں گے‘‘۔شام، یوکرین اورلیبیا کے تنازعات میں ترک ڈرونز کے اثرات کے بعد اب ان کی بین الاقوامی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔خبروں کے مطابق21 ستمبر کو بایکر نے اس ماہ متحدہ عرب امارات کو 20 مسلح ڈرون مہیا کیے ہیں۔

 

Related Articles