فلم انڈسٹری کے معروف فلمساز مہیش بھٹ
ممبئی ، ستمبر۔بالی ووڈ کے معروف فلم ساز مہیش بھٹ ایک ہندستانی فلم ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر ہیں ۔ ان کی ڈرائریکٹ کردہ قابل ذکر فلموں میں ارتھ، سارنش، جنم ، نام، سڑک اور زخم وغیرہ شامل ہیں۔ وہ جسم، مرڈر اور وہ لمحے جیسی کمرشل اور کئی باکس آفس والی فلموں کے لیے کام کرچکے ہیں۔ مہیش بھٹ 20 ستمبر 1948 کو ممبئی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد نانا بھائی بھٹ فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز تھے۔ گھر میں فلمی ماحول کی وجہ سے ان کی دلچسپی فلموں کی طرف ہوگئی اور وہ بطور ڈائریکٹر بننے کا خواب دیکھنے لگے ۔ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ، انہوں نے پروڈیوسر ڈائریکٹر راج کھوسلہ کے معاون کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔مہیش بھٹ نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1970 میں ایک دستاویزی فلم ’سنکٹ‘ سے کیا۔ اس کے بعد ، انہوں نے ’منزلیں اور بھی ہیں‘ ،’وشواس گھات ‘ ، ’لہو کے دو رنگ‘ ،’نیا دور‘ اور ’ابھیمنیو‘ جیسی کئی فلموں کی ہدایت کاری کی لیکن ان فلموں سے انہیں زیادہ فائدہ نہیں پہنچا۔سال 1982 میں مہیش بھٹ کو فلم ارتھ کی ہدایت کاری کا موقع ملا۔ اس فلم میں اسمیتا پاٹل ، شبانہ اعظمی اور کلبھوشن کھربندا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا ۔ خیال کیا جاتا ہے کہ مہیش بھٹ نے اس فلم کے ذریعے اداکارہ پروین بابی کے ساتھ اپنے رشتے کا اظہار کیا تھا ۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ناقدین کا دل جیتنے میں بھی کامیاب رہے۔سال 1984 میں ریلیز ہونے والی فلم سارنش مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں ایک سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں انوپم کھیر اور روہنی ہتھ گڈی اور سونی راجدان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا ۔ مہوش بھٹ کو ماسکو فلم فیسٹیول میں بہترین اسکرین پلے کے لئے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔سال 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نام‘ مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ راجندر کمار کی ہدایت کاری میں اس فلم میں سنجے دت اور کمار گورو نے اہم کردار ادا کیاتھا۔ اگرچہ اس فلم کےسبھی گانے سپر ہٹ ثابت ہوئے لیکن پنکج اداس کی شاندار آواز میں گانا ’چٹھی آئی ہے وطن سی چٹھی آئی ہے‘ اب بھی سننے والوں کی آنکھوں کو نم کرتا ہے۔سال 1986 سے 1989 مہیش بھٹ کے سنے کیریئر کے لیے برا وقت ثابت ہوا۔ اس دوران ان کی ’آج‘ ، ’کاش‘ ، ’ٹھکانہ‘ ، ’قبضہ‘ جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں لیکن یہ تمام فلمیں بری طرح فلاپ ثابت ہوئیں ۔ سال 1989 میں ، مہیش بھٹ نے اپنے بھائی مکیش بھٹ کے ساتھ مل کر فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اورفلم ’ڈیڈی‘ کی ہدایت کاری کی ۔ فلم کے ذریعے مہیش بھٹ نے اپنی بیٹی پوجا بھٹ کو بطور اداکارہ فلم انڈسٹری میں لانچ کیا۔ انوپم کھیر اور پوجا بھٹ نے فلم میں اپنی پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے اور فلم کو سپر ہٹ بنا دیا۔سال 1990 میں ریلیز ہونے والی فلم ’عاشقی‘ مہیش بھٹ کے سینما سفر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ فلم کی کامیابی کے بعد ، اداکار راہل رائے راتوں رات اسٹار بن گئے۔ سال 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم سڑک کو مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی اہم فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس فلم میں سنجے دت اور پوجا بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔سال 1991 میں مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں ایک اور سپر ہٹ فلم ’دل ہے کہ مانتا نہیں‘ ریلیز ہوئی۔ عامر خان اور پوجا بھٹ کے مرکزی کرداروں والی اس فلم کی کہانی ہالی وڈ فلم ’اٹ ہیپنڈ ون نائٹ‘ پر مبنی تھی۔سال 1993 میں مہیش بھٹ کو ایک بار پھر اداکار عامر خان کے ساتھ فلم ’ہم ہے راہی پیار کے‘ میں کام کرنے کا موقع ملا جو ان کے سنے کیریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں عامر خان اور جوہی چاولہ کی جوڑی کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔سال 1995 میں مہیش بھٹ نے بھی چھوٹے پردے کا رخ کیا اور شوبھا ڈےکی کہانی ’سوابھیمان‘ کی ہدایت کاری کی۔ یہ سیریل ناظرین میں بہت مقبول ہوا۔ سال 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تمنا‘ کو مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی اہم فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ سال 1998 میں مہیش بھٹ کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’’زخم ‘‘ ریلیز ہوئی۔فلم میں اپنی بہترین اداکاری کے لئے اجے دیوگن کوجہاں بہترین اداکار ی کا قومی ایوارڈ دیا گیا وہیں مہیش بھٹ کو بہترین کہانی کے لئے فلم فیئر ایوارڈ ملا ۔مہیش بھٹ کو تین بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے تین دہائی طویل فلمی کیریر میں تقریباً 50 فلموں کی ہدایت کاری کی ہے ۔