یوپی :کورونا وائرس کے 5716نئے معاملے
لکھنؤ:اترپردیش میں گذشتہ 24گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 5716نئے معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ریاست میں مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 241439ہوگئی۔جبکہ 74نئی اموات کے ساتھ مہلوکین کی تعداد 3616تک پہنچ گئی۔
قابل ذکر ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس سے پہلی موت 2مارچ کو درج کی گئی تھی۔جس ٹھیک چھ مہینوں بعد آج ریاست میں مہلوکین کی تعداد 3616ہوگئی ہے جو کہ 1.5فیصدی ہے۔
اڈیشنل چیف سکریٹری(صحت) امت موہن پرساد نے بدھ کو یہاں بتایا کہ اس وقت ریاست میں 56459ایکٹیو مریض ہیں۔جب کہ شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 181364 ہے جن میں آج ریاست کے مختلف اضلاع سے ڈسچارج ہونے والے 4687مریض بھی شامل ہیں۔
ہیلتھ افسر نے بتایا کہ منگل کو کل 136240نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے جس کے بعد ریاست میں ٹیسٹ کئے گئے مجموعی نمونوں کی تعداد 5913584ہوگئی ہے۔مسٹر پرساد نے کہا کہ اس وقت 28609مریض ہوم آئیسولیشن میں ہیں جو کہ ایکٹیو مریضوں کا50فیصدی ہے۔ابھی تک 108056پازیٹیو مریض ہوم آئیسولیٹ کئے جاچکے ہیں جن میں سے 79837مریض ریکور ہوچکے ہیں۔
علاوہ ازیں 2796پازیٹیو مریض پرائیویٹ اسپتالوں میں جبکہ 262مریض سیمی پیڈ جبکہ بقیہ مریض سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔مسٹر پرساد نے کہا کہ ریاست میں 62965کووڈ ڈیسک ہیں جن کے ذریعہ سے 7.11لاکھ مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔