ٹیم انڈیا اپنی ہی غلطی کی وجہ سے ایشیا کپ 2022 سے باہر ہوئی : رابن اتھپا

دبئی،  ستمبر۔ٹیم انڈیا مسلسل دو میچ جیت کر سپر 4 مرحلے میں پہنچنے کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے خلاف میچ ہارنے کے بعد ایشیا کپ 2022 سے تقریباً باہر ہونے کے دہانے پرکھڑی ہے۔ گزشتہ دو میچوں کے دوران ٹیم انڈیا ٹاس ہارنے کے بعد ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد ہندوستان کے گیندبازوں کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تاہم سابق کرکٹر رابن اتھپا نے ٹیم کے بیٹنگ آرڈر پر سوالات اٹھا ئےہیں۔ جبکہ تجربہ کار اوپنر اتھپا نے کہا ہے کہ ٹیم انڈیا نے ٹاپ آرڈر کے کھلاڑی دیپک ہڈا کو لوئر آرڈر میں بھیج کر غلطی کی۔ای ایس پی این کرک انفو پر، اتھپا نے کہا، آپ کے پاس ایسے کھلاڑی ہونے چاہئیں جو کچھ جگہوں پر اچھا کھیل سکیں۔ ہندوستان نے پچھلے کچھ میچوں میں جو کچھ کیا ہے وہ یہ ہے کہ وہ ایسے کھلاڑیوں کو لایا ہے جو اپنی پسندیدہ جگہوں پر نہیں کھیل رہے ہیں۔ دیپک ہڈا فنشر نہیں ہیں۔ وہ ماضی میں لکھنؤ سپر جائنٹس یا ہندوستان کے لیے فنشر ثابت نہیں ہوئے ہیں۔آپ انہیں ایشیا کپ جیسے ٹورنامنٹ کے اہم موڑ پر نمبر 6 اور نمبر 7 پر اتارتے ہیں تو آپ صرف کھلاڑی پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نےمزید کہا، ہم کسی ایسی چیز کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ٹوٹی نہیں ہے۔ ہم نے خود کو اس (ایشیا کپ) سے نکال لیا ہے۔ جتنا آپ کہتے ہیں کہ آپ کسی خاص برانڈ کی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، اس کے پیچھے ایک راز ہے اور وہ ہے وکٹ، خاص طور پر جب آپ پہلے بلے بازی کرتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس اننگز کے اختتام پر وکٹیں نہیں ہیں تو آپ ہمیشہ دباؤ میں رہیں گے۔

Related Articles