دلتوں کو چوہا کہنے پر کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست
شملہ ، ریاست ہماچل پردیش میں بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف غداری کے الزام کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں روی کمار نامی سوشل ورکر نے پولیس کو دی گئی درخواست میں الزام لگایا ہے کہ اداکارہ کنگنا رناوت نے دلتوں کو چوہا کہہ کر دراصل بھارت کے آئین کی توہین کی ہے۔ آئین کی دفعات 13، 14 اور 15 کے تحت ہندوستان سے ذات پات کے نظام کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے اور آئین کی دفعہ 309 کے تحت سب شہریوں کو برابر کا درجہ حاصل ہے۔درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ اداکارہ کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ دوسری جانب شملہ کے سپریٹنڈنٹ پولیس نے درخواست موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہی مقدمہ درج کیا جائے گا۔خیال رہے کہ 23 اگست کو کنگنا رناوت نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ہندوستانی آئین کی وجہ سے ملک میں ریزرویشن کے طور پر ذات پات ہے۔ ان کے اس ٹویٹ پر جب دلتوں نے احتجاج کیا تو اداکارہ نے ان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے انہیں 24 اگست کو چوہا قرار دے دیا تھا۔