ہر بھجن نے رضوان کو سہواگ اور وارنر کے پائے کا کھلاڑی قرار دیدیا
ممبئی،ستمبر۔ بھارت کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے پاکستانی بیٹر محمد رضوان کپتان بابر اعظم کی طرح نہیں کھیل سکتے کیونکہ وہ اٹیکنگ کھلاڑی ہے۔جیو نیوز کے خصوصی پروگرام ’’پاک انڈیا ٹاکرا ‘‘ میں سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے بابر اعظم اور محمد رضوان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو رضوان کا گیم ہے وہ بابر اعظم کی طرح نہیں کھیل سکتے، محمد رضوان ایک اٹیکنگ کھلاڑی ہیں، اگر وہ بابر اعظم کی طرح کھیلنے لگ جائیں تو پاکستان ٹیم کبھی بھی دو اوپنرز ایسے نہیں بھیج سکتی جو پہلے 6 اوورز تک وکٹ بچائیں۔ہربھجن سنگھ نے محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ایک ایسا فارمیٹ ہے جس میں رضوان جیسے کھلاڑی میچ کو آگے لے کر چلتے ہیں، ہربجھن نے محمد رضوان کوبھارتی کھلاڑی وریندر سہواگ، روہت شرما اور ڈیوڈ وارنر جیسا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آگے سے اٹیک کرتے ہیں، اگر رضوان بھی سلو کھیلے تو ٹیم پریشر میں آ جائے گی۔دوسری جانب بھارت کے سابق ٹیسٹ کپتان سنیل گواسکر نے کہا کہ جب بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہوتا ہے تو دونوں ٹیمیں برابر کی ہوتی ہیں، جیسے جیسے میچ آگے بڑھتا ہے اس میں کبھی انڈیا اور کبھی پاکستان آگے ہوتا رہتا ہے ،جو ٹیم اچھا تسلسل برقرار رکھتی ہے وہ آگے جاکر جیتتی ہے۔سنیل گواسکر نے پاکستانی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بولرز نے اچھی بولنگ کی جس کی وجہ سے وہ اتنی اچھی فائٹ کر سکے، پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے پچھلے میچ میں رنز نہیں بنائے، اگر اس میچ میں انہوں نے رنز بنائے تو پھر آپ 180 کا اسکور دیکھ سکتے ہیں، جب بولنگ اچھی ہو رہی ہو تو رنز اور اسٹرائیک ریٹ بڑھانا آسان نہیں ہوتا، بلے بازوں پر یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کریں۔سابق بھارتی کپتان نے افغانستان ٹیم کے لیے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے دونوں ٹیموں کو بچنا ہوگا کیونکہ ان کے پاس اچھی بولنگ اٹیک بھی ہے اور ان کے بیٹسمین پہلی گیند سے چھکا مارنے کی کوشش کرتے ہیں، اگر ان کا دن ہو اور اچھی شروعات کی تو دونوں ٹیموں کوبڑی فائٹ دے سکتے ہیں۔پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو جس طرح کی ہانگ کانگ سے فتح ملی ہے، جب جیت ہوتی ہے اور پرفارمنس دیتے ہیں تو اعتماد ملتا ہے اور بھارت کے خلاف بھی پاکستانی کھلاڑی اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔