گنگولی لیجنڈز لیگ میں نہیں کھیلیں گے
کولکتہ، ستمبر۔بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر اور سابق کپتان سورو گنگولی نے ہفتہ کو اپنے مداحوں سے کہا کہ وہ ‘وقت کی کمی کی وجہ سے لیجنڈز لیگ میں نہیں کھیل پائیں گے۔ گنگولی نے یو این آئی کو بتایاکہ ‘میں نے لیگ سے اپنا نام واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میرے اور وعدے ہیں، اس لیے مجھے لیگ میں حصہ لینے کا وقت نہیں مل رہا ہے۔گنگولی 16 ستمبر کو ایڈن گارڈنز میں ہونے والے انڈیا مہاراجہ اور ورلڈ الیون کے درمیان نمائشی میچ میں شرکت کرنے والے تھے۔انہیں مہاراجہ کا کپتان منتخب کیا گیا تھا۔ اب ان کی غیر موجودگی میں ہندوستان کے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کو ٹیم کی کمان سونپی گئی ہے۔دوسری جانب ورلڈ الیون کی قیادت انگلینڈ کے سابق لمیٹڈ اوورز کپتان ایون مورگن کر رہے ہیں۔اس سے قبل گنگولی نے صرف 16 ستمبر کے میچ میں کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ جس سے حاصل ہونے والی رقم ‘کپل دیو فاؤنڈیشن کو جائے گی جو بچیوں اور ان کی تعلیم کی مدد کے لیے کام کر رہی ہے۔واضح رہے کہ یہ صرف چیریٹی میچ ہوگا۔ اس کے بعد ٹورنامنٹ 16 ستمبر سے کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے میچ دہلی، لکھنؤ سمیت پانچ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد پلے آف اور فائنل کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے لیکن مقام کا اعلان ہونا باقی ہے۔