کرپٹو کرنسی کمپنی نے غلطی سے ایک کروڑ ڈالر خاتون کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیے

سڈنی، ستمبر۔ ایک کرپٹو کرنسی ٹریڈنگ کمپنی نے حادثاتی طور پر ایک کروڑ سے زیادہ ڈالرز ایک خاتون کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیے اور اس غلطی کا علم اسے 7 مہینے تک نہیں ہوا۔کرپٹو ڈاٹ کام نامی کمپنی کو مئی 2021 میں 10 کروڑ ڈالرز کا ری فنڈ کرنا تھا مگر اس نے غلطی سے ایک کروڑ 5 لاکھ ڈالرز آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتونManivel Thevamanogari کو ٹرانسفر کردیے۔کرپٹو ڈاٹ کام آسٹریلیا میں فورس جی ایف ایس کے نام سے کام کرتی ہے اور حیران کن بات یہ ہے کہ اس غلطی کا علم کمپنی کو 7 ماہ بعد دسمبر 2021 میں ہوا۔اس کے بعد کمپنی نے فروری 2022 میں ریاست وکٹوریہ کی سپریم کورٹ میں خاتون کے اکاؤنٹ کو منجمد کرنے کی درخواست دائر کی۔مگر اس وقت تک 13 لاکھ 50 ہزار ڈالرز سے خاتون نے میلبورن میں 4 کمروں کا ایک گھر خرید لیا تھا اور پھر اس کی ملکیت ملائیشیا میں مقیم اپنی بہن کے نام پر منتقل کردی۔خاتون کو عدالتی نوٹس دینے کی کوششیں ناکام رہیں کیونکہ Manivel Thevamanogari نے کرپٹو ڈاٹ کام کے وکلا کی ای میل پر کبھی جواب ہی نہیں دیا۔بس ایک ای میل پر خاتون کے وکیل نے جواب دیا تھا۔اب جاکر عدالت نے کمپنی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے خاتون کو جائیداد کو فروخت کرکے تمام رقم اور اخراجات کرپٹو ڈاٹ کام کو دینے کا حکم دیا ہے۔

Related Articles