لیڈز فیسٹیول کے دوران 16 سالہ لڑکا ہلاک، منشیات کے استعمال کا شبہ
لندن ،اگست۔لیڈز فیسٹیول میں میوزک ایونٹ کے دوران ایک 16سالہ لڑکے کی اچانک حالت بگڑ گئی۔ اسے فوری طورپر ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ ہلاک ہوگیا۔ مویسٹ یارک شائر پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ایک خاص قسم کے MDMA کا استعمال اس کی موت کا سبب ثابت ہوسکتا ہے، تاہم افسران نے اس ہلاکت کو اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ قرار دیا ہے لیکن کہا ہے کہ اس کی موت کا اصل سبب ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل کیتھرائن ہینکنسن کا کہنا ہے کہ ہماری ہمدردیاں مرنے والے لڑکے کی فیملی کے ساتھ ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ان کو دلاسا دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اگرچہ اس کی موت کا اصل سبب ابھی معلوم نہیں ہوسکا، اس کی ابھی تفتیش جاری ہے لیکن ایک خیال یہ بھی ہے کہ ہوسکتا ہے کہ اس نیایک خاص قسم کے MDMA کا استعمال کیا ہو، یہ اپنی نوعیت کا واحد واقعہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ اس طرح کے کسی اور واقعہ کی رپورٹ نہیں ملی ہے۔ فیسٹیول کا اہتمام کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے تفتیش میں پولیس کی پوری مدد کر رہے ہیں۔ فیسٹیول ری پبلک کے منیجنگ ڈائریکٹر میلون بین کا کہنا ہے کہ اس سانحہ سے ہمیں دلی دکھ ہوا ہے اور ہماری ہمدردیاں مرنے والے کی فیملی کے ارکان اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔