فلموں کے بائیکاٹ پر شاہ رخ کا پر مزاح تبصرہ

ممبئی،اگست۔بھارت میں آج کل بالی ووڈ انڈسٹری کے کئی بڑے ناموں بالخصوص ’بالی ووڈ کے خانز‘ اور ان کی فلموں کے بائیکاٹ کی مہم جاری ہے۔اس حوالے سے شاہ رخ خان کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔اس ویڈیو میں اداکار کو بھارت میں موجود بالی ووڈ کی فلموں کے بائیکاٹ کے کلچر پر مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بعد کچھ انتہا پسند عناصر کی جانب سے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کے بائیکاٹ کی مہم کا آغاز بھی ہو گیا ہے، لیکن ایسے میں اداکار کے مداح ان کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں۔شاہ رخ خان کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو شیئر کی جا رہی ہے، جس میں اداکار کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کبھی کبھی فلموں کے خلاف بائیکاٹ کی مہم اچھی ثابت ہوتی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ ایسے میں اگر آپ کی فلم مداحوں کو متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہو پاتی تو آپ اپنا دل خوش کرنے کے لیے یہ کہہ سکتے ہیں کہ میری فلم کا تو سوشل بائیکاٹ ہو گیا تھا اسی وجہ سے وہ کامیاب نہیں ہوئی۔اْنہوں نے مزید کہا کہ میں یہ بات ڈنکے کی چوٹ پر کہہ سکتا ہوں کہ بھارت میں جتنا پیار مجھ سے کیا جاتا ہے ایسا پیار بہت ہی کم لوگوں سے کیا گیا۔شاہ رخ خان نے یہ بھی کہا کہ میں بہت عزت کے ساتھ یہ کہنا چاہوں گا کہ مجھے یا میری فلم کو کوئی سوشل بائیکاٹ متاثر نہیں کر سکتا۔

Related Articles