کورونا ویکسین نہ لگوانے پر بضد نوواک جوکووچ یو ایس اوپن سے دستبردار

نیویارک،اگست۔کورونا ویکسین نہ لگوانے پر بضد سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ امریکا میں ہونے والے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئے۔نوواک جوکووچ نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ‘افسوس کی بات ہے کہ میں اس بار یو ایس اوپن میں شرکت کے لیے نیویارک کا سفر نہیں کر سکوں گا۔میری نیک تمنائیں ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں’۔جوکووچ نے کورونا کے دوران کووڈ ویکسینیشن کرانے سے انکار کیا تھاجس کی وجہ سے موجودہ امریکی قوانین کے مطابق ویزا حاصل کرنے اور ملک میں داخل ہونے کے لیے کسی بھی غیر امریکی شہری کو کورونا وائرس کی ویکسین لگوانا ضروری ہے۔اس سے قبل بھی 21 بڑے ٹینس مقابلوں کے ٹائٹل اپنے نام کرنے والے جوکووچ کووڈ ویکسینیشن نہ کروانے کے اپنے فیصلے کے بعد رواں برس کچھ اہم مقابلوں میں شرکت سے محروم رہے تھے۔رواں برس آسٹریلین حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر 9 مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتنے والے نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈی پورٹ کردیا تھا جس کی وجہ سے وہ ایونٹ میں شرکت نہیں کر پائے تھے۔اس کے علاوہ ویکیسنیشن نہ کروانے والے افراد کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی کے باعث سربین ٹینس اسٹار مونٹریال کے ایونٹ میں بھی شرکت نہیں کر پائے تھے۔کورونا ویکسین نہ لگوانے کے حوالے سے فروری میں جوکووچ نے برطانوی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنی ذات پر اپنے فیصلوں کا اصول ان کیلئے کسی ٹائٹل یا کسی اور چیز سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ وہ مستقبل میں بھی ویکسینیشن کے حوالے سے کھلی ذہنیت کے حامل ہیں۔واضح رہے کہ یو ایس اوپن 29 اگست سے نیویارک میں شروع ہورہا ہے۔

Related Articles