بیلا حدید نے فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کردیا
نیویارک،اگست۔معروف فلسطینی نڑاد امریکی سْپر ماڈل و اداکارہ بیلا حدید نے فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی حمایت کی خاطر اگر ماڈلنگ کیریئر چھوڑنا بھی پڑا تو افسوس نہیں ہوگا۔25 سالہ بیلا حدید نے یہ بات ریپ پوڈکاسٹ ( Podcast Rep) کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک فلسطینیوں کی حمایت کرنے پر کیریئر میں نقصان برداشت کر سکتی ہوں، کروں گی۔سْپر ماڈل کا شمار فلسطینیوں کی حمایت میں سب سے زیادہ بولنے والوں میں ہوتا ہے، انہوں نے مختلف مواقعوں پر فری فلسطین کا نعرہ بلند کیا ہے۔ وہ فلسطینی رئیل اسٹیٹ ڈویلپر محمد حدید اور ڈچ ماڈل یولانڈا حدید کی صاحبزادی ہیں۔انہوں نے انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ فلسطین کی حمایت کرنے پر کئی کمپنیوں نے کانٹریکٹ ختم کردیئے، کئی دوست احباب تک ساتھ چھوڑ گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان کے سیاسی نظریات و عقائد کے باعث کیریئر کو نقصان پہنچ سکتا ہے لیکن اس کے باوجود فلسطین کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹوں گی۔ اپنے نام و مقام کو فلسطینی کاز کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے استعمال کروں گی۔ان کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ ایسے مقام پر ہیں جہاں ان کی بات کو سنا جاسکتا ہے اور اپنی مرضی کے مطابق اپنا پیغام دنیا تک پہنچا سکتی ہیں۔بیلا حدید فلسطین میں اسرائیلی مظالم پر اکثر آواز اٹھاتی نظر آتی ہیں۔ وہ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی میں پیچھے نہیں رہتیں۔