آسکر کے پروڈیوسر نے ول اسمتھ کی حمایت کردی
لاس اینجلس،اگست۔آسکر ایوارڈز کے پروڈیوسر ول پیکر نے اداکار ول اسمتھ کے کامیڈین و اداکار کرس راک کو تھپڑ مارنے پر معافی مانگنے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ول پیکر نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ’مجھے یہ حقیقت پسند ہے کہ ول اسمتھ اپنے عمل کے بارے میں صاف گو ہے، وہ عوام کے سامنے ایماندار ہے اور اپنے پچھتاوے کے بارے میں کھل کر بات کرنے کی ہمت رکھتا ہے‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ اس نے تین دہائیاں اس انٹرٹینمنٹ بزنس میں گزاری ہیں جو کہ ان چند سیکنڈز کے دوران سامنے آنے والے اس کے عمل کے بالکل برعکس ہیں، اور اس لیے میں اس کی طرف داری کر رہا ہوں‘۔یاد رہے کہ اداکار ول اسمتھ نے گزشتہ ماہ آسکر ایوارڈ کی تقریب کے دوران تھپڑ مارنے پر کرس راک سے معافی مانگنے کے لیے ایک ویڈیوشیئر کی تھی، جبکہ مارچ میں 94 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں اْنہوں نے کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مارا تھا۔