دبئی دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے مقبولیت میں نمایاں
دبئی،اگست۔رواں سال چھ ماہ کے دوران 70 لاکھ سیاح دبئی کے وزٹ پر آئے۔ یہ سیاح دنیا بھر کے ممالک سے دبئی آئے۔ محکمہ معیشت و سیاحت کی طرف سے جاری کیے گئے اعدادو شمار کے مطابق یہ 2021 کے انہی مہینوں کے مقابلے میں 183 فیصد زیادہ تعداد ہے۔امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دبئی 2022 کے لیے اپنے سیاحتی اہداف حاصل کرنے میں کامیابی کے راستے پر ہے۔رپورٹ کے مطابق دبئی کے ولی عہد شہزادہ حمدان بن محمد المکتوم نے کہا دبئی نے سیاحتی مقبولیت کے حوالے سے اپنی ایف ڈی آئی میں مقبولیت کو برقرار رکھا ہے۔ یہ سب نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن المکتوم کے ویڑن کے مطابق ہے کہ دبئی مستقبل کے شہر کے طور پر ابھرا ہے اور دنیا بھر میں رہائش ، سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے۔ اسی لیے دبئی کا سیاحتی شعبہ آگے بڑھ رہا ہے۔ولی عہد نے مزید کہا سیاحوں کی دبئی آمد میں اضافے کا واضح مطلب ہے کہ اماراتی معیشت غیر معمولی تحرک کی حامل ہے۔ دبئی دنیا میں سیاحتی حوالے سے بہترین منزل بننے جا رہا ہے، بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد میں تیز رفتار اضافہ اس سلسلے کی کڑی ہے۔ولی عہد شہزادہ حماد نے اس سلسلے میں اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا دبئی مستقبل میں اپنے آپ کو بین الاقوامی سیاحوں اہم ترین منزل بننے کی راہ پر گامزن رکھے گا۔ واضح رہے رواں سال کے دوران ماہ جنوری سے جون تک دبئی آنے والے سیاحوں کی 34 فیصد تعداد مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ سے آئے تھے، 22 فیصد سیاح مغربی ممالک سے آئے۔ جبکہ 16 فیصد سیا ح جنوبی ایشیا سے آئے اور 11 فیصد سیاح روس کے علاوہ دولت مشترکہ کے ممالک سے آئے۔